اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام معروف مصّورہ اور مجسمہ ساز عائشہ ارشد شاہنواز کے فن پاروں کی نمائش منعقد ہوئی۔ اگرچہ عائشہ اے شاہنواز کی تجریدی اوربصری کام کی یہ پہلی نمائش نہیں ہے مگر اب تک کی جانے والی نمائشوں میں بے حد منفرد ہے۔ عائشہ ارشد شاہنواز نیشنل کالج آ ف آرٹس میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ پنجاب آرٹس کونسل، کرافٹس اور آرٹس آرکیٹیکچر کونسل کی چیئر پرسن ہونے کے علاوہ لاہو ر الحمرا انسٹیوٹ اور شاکر علی میوزیم کی بورڈ آ ف گورنر کی ممبربھی ہیں۔ پاکستانی ہال آ ف فیم کی ڈائریکٹر اور پنجا ب چیمبر آف کامرس انڈسٹری میں آرٹ اینڈ کرافٹ اور کلچر کی کنوینئر کے عہدے پرفائز ہیں۔ اِ س نمائش میں پچیس سے زائد فن پارے رکھے گئے ہیں جن میں تجریدی آرٹ کے ساتھ ساتھ کیلی گرافی بھی شامل ہے۔ اِس نمائش کا افتتاح وفاقی وزیرتعلیم،پیشہ وارانہ تربیت و قومی ورثہ وثقافت شفقت محمود نے کیا۔مصّورہ کے کام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصّور معاشرے کی عکاسی کرتا ہے اور عائشہ نے اپنے فن پاروں میں اِس کا حق ادا کیاہے۔ عائشہ نے فن پاروں میں زندگی میں پیش آنے والے تلخ تجربات کو اپنے دلفریب رنگوں میں نمایاں کیا ہے جو کہ بظاہر تو بہت خوبصورت نظر آرہے ہیں لیکن ہر فن پارے میں ایک مکمل درد بھری کہانی موجود ہے۔ نمائش میں شرکت کرنے والے شائقین نے مصّورہ کے فن پاروں کو بے حد سراہا۔











