اسلام آباد ، 05 نومبر (اے پی پی ): پاک بحریہ کے لئےچوتھے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کا کراچی شپ یارڈ میں آغاز ہو گیا ہے،چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔
اس موقع پر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ خود انحصاری کی پالیسی کے تحت قومی سطح پر جدید اسلحہ سے لیس جنگی جہازوں کی تیاری قابل فخر ہے۔کراچی شپ یارڈ ، ایم ایس اسفات اور وزارت دفاعی پیداوار کے تعاون سے جہازوں کی کراچی شپ یارڈ میں تعمیر تاریخی موقع ہے۔اس سلسلے کے دو جہاز پاکستان میں جبکہ دو ترکی میں تعمیر کےمختلف مراحل میں ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملجم کلاس جہاز مہلک ہتھیاروں اور جدید آلات سے لیس ہوں گے،ملجم کلاس جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت میں گراں قدر اضافہ ہو گا۔ ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا منصوبہ پاکستان اور ترکی کے مابین دفاعی صنعت میں تعاون کے نئے باب کھولے گا ۔