ملتان۔24نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف تین بار ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں ، انہیں عوام میں ہونا چاہیئے تھا،صحافیوں کو جنوری میں ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے،عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کے لیے پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں سالانہ 248 ارب روپے کا بجٹ فراہم کررہے ہیں، 42 ارب روپے کا بجٹ صرف ادویات کی خریداری پر خرچ ہوتا ہے، مریضوں کو ادویات نہ ملنے کی شکایات بدانتظامی ہے جسے دور کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نشتر یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں25 ہزار نئے بیڈز کا اضافہ کر چکے ہیں، بیڈز کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔ نشتر ٹو اور مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ ہسپتال جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے حکومت کی بڑی کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 85 لاکھ افراد کو ہیلتھ کارڈ جاری کر چکے ہیں ، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن کے تمام اضلاع میں شناختی کارڈ کو ہی ہیلتھ کارڈ کا درجہ دیا گیا ہے ، نادرا کی طرف سے دو کروڑ سے زائد افراد کے نام ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے لیے موصول ہوئے ہیں آئندہ جنوری تک پنجاب کی اکثریت آبادی کو ہیلتھ کارڈ جاری ہو جائیں گے ۔ صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا کہ 50 ہزار افراد مختلف ہسپتالوں سے ہیلتھ کارڈ پر علاج معالجہ کی سہولت حاصل کر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے نئے مریضوں کی شرح انتہائی کم ہو چکی ہے 60 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جس میں پہلی ڈوز والے افراد بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ خسرہ اور روبیلا کی ویکسینیشن کی دنیا کی بڑی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں 9 کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے5 ارب 70 کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ کی سینڈیکیٹ اجلاس میں منظوری دی گئی ہے جس سے لوگوں کو سروسز کی فراہمی میں بہتری آئے گی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے بھی اقدامات کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، ڈینگی کے مریضوں کو ہر ممکن علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ میاں نواز شریف کو پاکستان میں علاج کی بہترین سہولت دینے کے ساتھ غیر ملکی معالج کو بلانے کی آفر بھی دی گئی تھی ۔ انہوں نے اپنے علاج پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا سیاسی مخالفت اور انسانیت الگ الگ پہلو ہیں ہم نے سیاست سے ہٹ کو انسانی پہلو کو ترجیح دی ، میاں نواز شریف تین مرتبہ وزیر اعظم رہے انہیں اس وقت پاکستان میں اپنے عوام کے ساتھ ہونا چاہیئے تھا لیکن انہوں نے جیل میں وقت گزارنے کی بجائے ملک سے باہر عیش و آرام کی زندگی گزارنے کو ترجیح دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پانامہ کے وہ خود ذمہ دار ہیں انہوں نے جو لوٹ مار کی یہ اس کا نتیجہ ہے ، آڈیو لیکس بارے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر شخص اپنے اعمال کا جواب دہ ہے ۔ صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صحافیوں کو بھی جنوری میں ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے ۔











