پی ٹی آئی کی حکومت نے صحت اور تعلیم کی جانب تمام وسائل کا رُخ موڑ دیا ہے؛چوہدری سلیم صادق

68

اوکاڑہ،25نومبر(اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق نے  کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صحت اور تعلیم کی جانب تمام وسائل کا رُخ موڑ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرہسپتال(سٹی ) میں ٹراماسنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی  تقریب  سے خطاب میں کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اوکاڑہ کی عوام کے لیے خاص طور پر ٹراما سنٹر کا تحفہ دیا ہے جس پر ہم صوبائی وزیرجنگلی حیات ماہی پروی و اشتمال اراضی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری، صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسیسٹن کے شکر گزار ہیں جن کی خصوصی کاوشوں سے ٹراما سنٹر کے لیے فنڈ مختص کیا گیا ہے،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دور دراز علاقو ں میں ہسپتال بنانے کے ساتھ شہروں کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہے ہے۔

چوہدری سلیم صادق نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے،پنجاب کےہرشہری کویونیورسل  ہیلتھ انشورنس دی جارہی ہے جبکہ پہلے مرحلے میں ساہیوال اورڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لوگوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس فراہم کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کے 14 ہزار سے زائد افراد نے انصاف صحت کارڈ سے فائدہ اُٹھا یا ہے،پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئرکے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا۔

چوہدری سلیم صادق نے کہا کہ ٹراما سنٹر کی تعمیر کے بعد ضلع بھر میں  کسی کو سر میں چوٹ لگنے اور حادثات میں زخمی ہونے والے مریضوں کو لاہور جانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس موقع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اختر حسین بلوچ نے کہا کہ ہسپتال میں نئی پچیس ویل چیئرز اورپچیس اسٹریچرکا انتظام مکمل کرنے کے ساتھ دس ہزار ایمرجنسی مریضوں کے لیے ادویات فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ مزید کے لیے محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے فراہمی جلد ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ  ٹیچنگ ہسپتال بنانے کے لیے بھی کوشش کی جارہی ہے ، فزیو تھراپی کا ایک یونٹ کھلوایا گیا ہے،ذیابیطس اور برن کا بھی ایک ایک وارڈ بنایا گیا ہے، ہفتے میں دو کی بجائے تین دن سرجری کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں ،ماں بچے کی صحت کے لیے شام کے اوقات میں بھی آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر کے لیے دس کروڑ روپے حکومت نے مختص کیے ہیں، دوکنال کی جگہ پرسنٹر تعمیر کیا جارہا ہے، ابتدائی طور پر پندرہ بیڈزکاا نتظام کیا جائے گا۔

 تقریب سے چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عبدالمجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے ، ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے لیے تمام موجود سہولیات کو استعمال میں لایا جارہا ہے ، بیڈز کی محدود تعداد کے باوجود ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرہسپتال (سٹی ) میں آنے والے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹی اسکین کی سہولت پہلے سے ہی ہسپتال میں موجود ہے جوکہ ٹراما سنٹر میں آنے والے مریضوں کے لیے استعمال میں لائی جا سکے گی۔