پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات میں بہتری کے منصوبوں پر کام کررہی ہے؛ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد

23

ملتان،25 نومبر(اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات میں بہتری کے منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ عوام کو علاج معالجہ کی جدید اور معیاری سہولیات میسر آسکیں۔

یہ بات انہوں نے نشتر ٹو ہسپتال کے تعمیراتی منصوبہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ 8 ارب84 کروڑ روپے مالیت کا یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے تحفہ ہے،اس کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 58 ایکڑرقبہ پر مشتمل نشتر ٹو میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے، 500بیڈ پر مشتمل پانچ منزلہ ہسپتال کی عمارت کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اس منصوبہ میں مریضوں کے لواحقین کے لیے تین منزلہ سرائے بھی تعمیر کی جا رہی ہے جس میں 200 افراد کی رہائش کی گنجائش ہو گی، ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ کے لیے رہائشی بلاک بھی تعمیراتی منصوبہ کا حصہ ہے جبکہ بجلی کی فراہمی کے لیے 450 ملین کا گرڈ اسٹیشن بھی تعمیر کیا جائے گا اور متبادل پاور سپلائی کے لیے چار بڑے جنریٹر بھی نصب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی عمارت کا ڈھانچہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، عمارت میں کولنگ اور ہیٹنگ کا مرکزی نظام بھی نصب ہو گا، طبی آلات و مشینری کی جلد خریداری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب نادر چٹھہ، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی رانا الطاف، چیئرمین پی ایچ اے ملتان اعجاز جنجوعہ بھی موجود تھے۔