چھٹی جیپ تھل ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ریسرز کی شمولیت نہائت خوش آئند ہے؛ خواتین شائقین

66

مظفر گڑھ،28نومبر  (اے پی پی):پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیر انتظام مظفرگڑھ اور لیہ کے صحرا میں ہونے والی چھٹی جیپ تھل  ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ریسرز کی شمولیت نہائت خوش آئند ہے،خواتین کی ایسے مقابلوں میں شرکت سے تمام خواتین کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور ان میں سپورٹس سرگرمیوں میں حصہ لینے اور آگے بڑھنے کی تحریک پیدا ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مظفرگڑھ کے نواح میں ہیڈ محمد والا کے مقام پر جیپ تھل ڈیزرٹ ریلی کے سٹارٹنگ پوائنٹ چھانگا مانگا ٹیلے پر آئی ہوئی خواتین شائقین نے کیا۔ ردا، ندا،عصمت،فرح،زارا اور متعدد دیگر خواتین شائقین نے جیپ ریلی کے مقابلوں میں خواتین کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال مقابلے میں حصہ لینے والی خواتین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،پہلے پہل ہونے والے مقابلوں میں ایک دو خواتین حصہ لیتی رہی ہیں لیکن اس مرتبہ 109 ریسرز میں خواتین ریسرز کی تعداد 8 ہے جن میں رباب سلطان،پلوشہ حیات،ندا واسطی،دینہ پٹیل اور 4 دیگر خواتین ریسرز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقابلوں میں شریک سب سے کم عمر ریسر کا اعزاز بھی خاتون ریسر کے پاس ہے،معروف کار ریسر رونی پٹیل کی 18 سالہ بیٹی دینہ پٹیل مقابلوں میں حصہ لینے والی سب سے کم عمر ریسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی ایسی سپورٹس سرگرمیوں میں شمولیت سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا اچھا امیج جارہا ہے، بیرونی دنیا میں پاکستان کے خلاف انتہا پسندی کے تاثر اور پروپیگنڈہ کو ختم کرنے کےلئے خواتین کی ایسی سرگرمیوں میں شمولیت سے پاکستان کا خوبصورت چہرہ اور سافٹ امیج دنیا کے سامنے جائے گا۔