اسلام آباد،12نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سےقزاخستان کے سفیر یرزن نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے ، ملاقات میں پاکستان قزاخستان دوطرفہ تعاون، پارلیمانی و تجارتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی اور معاشی و تجارتی روابط سے علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔ ایوان بالاء میں قزاخستان، پاکستان دوستی گروپ موجود ہے جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بین الاقوامی فورمز کی سطح پر بھی بہترین تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان نے اکثر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سے استحکام آئے گا۔پاکستان وسطی اشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری کے فروغ کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کی بدولت عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔
قزاخستان کے سفیر نے پاکستان کی ثقافت اور مہمان نوازی کی تعریف کی اور کہا کہ قزاخستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے سفیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قزاخستان کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ تجارتی و معاشی روابط کو مستحکم کرنے کیلئے تجارتی سطح پر وفود کے بتادلوں میں تیزی آرہی ہے۔ اس مہینے کے آخری ہفتے میں پاکستان۔قزاخستان بزنس فورم کا اجلاس ہونے جارہا ہے جس میں پاکستان کا تاجر برادری پر مشتمل وفد شرکت کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے معاشی و تجارتی روابط کو موثر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان براہ راست فضائی روابطوں سے رابطہ کاری مزید بڑھ جائے گی اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن سے بھی بات کی جائے گی۔
چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ قازقستان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقعوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔