کوئٹہ،14نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی تعیناتی اور تبادلوں میں سیاسی مداخلت اور ہر قسم کے دبائو کا خاتمہ کرینگے، ہر ڈاکٹر کو اپنی جائے تعیناتی پر حاضر ہونا ہو گا امید ہے ڈاکٹر بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے غریب عوام کو علاج و معالجہ کی بنیادی سہولتیں انکی دہلیز پر مہیا کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں پانی ادویات سٹاف اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایسی حالت ہے تو دوردراز علاقوں میں صحت کی سہولتیں کیسی ہونگی ۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر 25 بستروں کے ڈی ایچ کیو ہسپتال پشین کو 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے منصوبے کا پی سی ون فوری طور پر تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فوری طور پر ٹیوب ویل نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ توجہ شعبہ صحت کو درکار ہے جس میں انقلابی تبدیلیوں اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد حکومتی اور اپوزیشن کی جماعتوں کے ساتھ صرف شعبہ صحت کے مسائل پر ایک نشست رکھیں گے اور انکی مشاورت سے صحت کے شعبہ کو بہتر بنائیں گے ۔
صوبائی وزراءسردار محمد صالح بھوتانی زمرک خان اچکزئی اراکین صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی عبدلواحد صدیقی اور اصغر ترین بھی اس موقع پر موجود تھے۔