لاہور،27 نومبر(اے پی پی ): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہیلی کالج آف کامرس پنجاب یونیورسٹی میں دوسری سالانہ بزنس اینڈ کامرس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، کامیاب نوجوان پروگرام کے ذریعے 25ہزار نوجوانوں کو کاروبار کے لئے 30ارب روپے فراہم کر چکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستانی مصنوعات کی مجموعی برآمدات 25ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں جبکہ آئی ٹی ایکسپورٹ پچھلے سال 2ارب ڈالر تھی اور رواں سال 3ارب ڈالر کو کراس کریں گے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت گزشتہ دو سالوں میں ڈیڑھ لاکھ مستحق طلبا کوسکالر شپ دے چکے ہیں جبکہ رواں سال 50ہزار مزید طلباء کو سکالر شپ دیں گے۔