کوئٹہ،30نومبر (اے پی پی):سیکرٹری سیکنڈری وپرائمر ی ہیلتھ کیئر بلوچستان عزیز احمد جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دس اضلاع کوئٹہ ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، لورالائی ،خضدار ، کیچ ، نصیرآباد ،جعفرآباد قلات و لسبیلہ میں یکم دسمبر سے لیکر 10 دسمبر تک کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہا رانہوں نے منگل کے روزیہاں کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر علی ناصر بگٹی بھی موجود تھے۔سیکرٹری سیکنڈری وپرائمر ی ہیلتھ کیئر بلوچستان عزیز احمد جمالی نےبتایا کہ اس دس روزہ مہم کے دوران 3ملین لوگوں کوکورونا سے بچاؤ کی ویکسینشن لگانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔این سی او سی کی ہدایت کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینشن کا عمل تیز کررہے ہیں ، بلوچستان میں کوروناوائرس سے بچاؤ کی ویکسینشن کی شرح 18 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 سے 17 سال کے بچوں کو اس موذی وباء سے بچاؤ کے لیے فائزر ویکسین لگائی جائے گی ۔