پشاور، 15نومبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ ایڈورڈز کالج صوبہ کے تعلیمی اداروں میں ایک تاریخی و معیاری مقام رکھتا ہے اسلئے اس کالج کا تاریخی تعلیمی مقام برقرار رکھنے میں انتہائی سنجیدہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان نے ایڈورڈ کالج کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، جسمیں سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں ایڈورڈز کالج کے مستقل پرنسپل کی تعیناتی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی اور کالج میں مستقل پرنسپل کی تعیناتی تک موجودہ قائمقام پرنسپل کو کام جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔
گورنر شاہ فرمان نے اجلاس کے دوران ہدایت جاری کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں ایڈورڈز کالج کے مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا مرحلہ جلد از جلد 2 ہفتوں کے اندر مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری گورنر محمود حسن، کمشنر پشاور ریاض محسود، بشپ ہمفرے سرفراز پیٹر،محکمہ ہائرایجوکیشن اور محکمہ فنانس سمیت دیگر بورڈ اراکین نے شرکت کی۔