ملتان،14نومبر(اے پی پی): یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کا 11واں سنڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر یو ای ٹی ملتان ڈاکٹر عامراعجاز کی زیرِ صدارت منعقدہوا۔ جس میں مختلف ایجنڈوں کی منظوری دی گئی۔ یونیورسٹی کے ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہ میں اضافہ، فارن پی ایچ ڈی اساتذہ کی تقرری ، لاڑ میں زیرتعمیر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے لنک روڈ کو دو رایہ کئے جانے سمیت اساتذہ کی پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل ہونے تک چھٹیوں میں توسیع ، چھٹی ایف این پی سی کی منظوری اور ایل ایم ایس خریدنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر یونیورسٹی کی صحیح سمت کی جانب رہنمائی کرنے، قلیل مدت میں طلباءکی تعدادمیں اضافہ کرنے، نئے تعلیمی پروگرام لانچ کرنے اور یونیورسٹی کو خود مختارپائیدار فنانشل ماڈل پر گامزن کرنے پرتمام سنڈیکیٹ ممبران نے وائس چانسلر یو ای ٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجازکی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد دی کہ ان کی انتہک محنت اوراساتذہ کی مکمل سپورٹ کے بعدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کو ایک بہترین ادارہ بنادیا ہے،جس میں داخلوں کیلئے طلباءوطالبات کامسلسل اضافہ اس بات کی گواہی ہے کہ یونیورسٹی ایک کامیاب یونیورسٹی بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب یہاں سے پروفیشنل ڈگری لینا امیدواروں کی اولین ترجیح ہے، ہم ایک بار پھرآپ سمیت اساتذہ کی ٹیم کومبارکبادپیش کرتے ہیں۔
اجلاس میں کمیٹی کے ممبران وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر منصور سرور،وائس چانسلر ایم این ایس ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹرآصف علی ، ممبران پنجاب اسمبلی ملک واصف مظہر راں اور شاہدہ احمد، منظر جاوید ، ڈاکٹر صادق حسین،رجسٹراریوای ٹی ملتان ڈاکٹرعاصم عمر اور فنانس ڈیپارنمنٹ کے ممبران بھی شریک تھے۔