اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):سابق وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے افغان بہن بھائیوں کی مدد کی ہے اور وہ افغان عوام کی مشکلات دور کرنے کے لئے ہر ممکنہ معاونت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاک افغان یوتھ فورم کے زیراہتمام پاکستان اور افغانستان کے موجودہ حالات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے اے پی پی نیوز بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے ’’ پاکستان اور افغانستان میں ماضی، حال اور مستقبل میں سکیورٹی خطرات کے جائزے ” کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل جنگوں کی نوعیت بدل چکی ہے، اب جنگ پرسیپشن مینجمنٹ کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو فنڈنگ کی گئی اور اس میں دوسرے ممالک سے بھی دہشتگردوں کو شامل کیا گیا جنہوں نے پاک افواج پر حملے کیے اور ہمارے جوانوں اور افسران کو شہید کیا گیا ۔اسی بنا پر پاک افواج اور حکومت وقت نے فیصلہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث گروہوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ دوسری طرف افغان طالبان کی بات کی جائے تو وہ اپنے ملک کی آزادی کی خاطر لڑے۔