ریاض،1دسمبر (اے پی پی):کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد اسلام آباد سے سعودی فضائی کمپنی کی پروازوں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ۔بدھ کو سعودی کمپنی کی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ سے 231مسافروں کو لے کرسعودی عرب روانہ ہو گئی۔پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پرواز کو الوداع کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 3لاکھ پاکستانی واپس سعودی عرب جانے کے منتظر ہیں ۔سعودی فضائی کمپنی کی پاکستان سے براہ راست پروازوں کی بحالی سعودی عرب میں کام کرنے پاکستانوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں کی تعداد کو بتدریج بڑھایا جائے گا۔آئندہ ہفتے لاہور، کراچی سے ریاض اور جدہ کیلئے پروازوں کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کا دوسرا گھر ، امید ہے کہ ان کی جلد واپسی ہو سکے گی۔ سعودی سفیر نے اس موقع پر ایئرپورٹ کے چیک ان کائونٹر پر مسافروں سے بات چیت بھی کی۔