پاکستان میں تمام مذاہب کا یکساں احترام کیا جاتا ہے ، عمران خان کی حکومت میں اقلیتوں کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہوگی ؛ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

45

 

اسلام آباد ،1دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کا یکساں احترام کیاجاتا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں اقلیتوں کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہوگی ، مسیحی برادری قانون پسند شہری ہیں ، 80حلقوں کا فیصلہ اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ کرے گا ۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے بدھ کو اسلام آباد میں منعقدہ لیڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہارتا وہی ہے جو ہار کو مانتا ہے ، جیتتا وہی ہے جس کا یہ ایمان ہوتا ہے کہ اگر میں ڈھونڈوں گا تو   پائوں گا ،اگر میں   دستک دوں  گا تومیرے لیے درکھولا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں چالیس حلقوں کا فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کرے گا  ۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے سے پنجاب میں چالیس حلقوں کا فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کریں گے، پورے پاکستان میں تقریبا 80حلقوں کا فیصلہ اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ کرے گاجو کہ پڑھے لکھے اور زیادہ ذمہ دار لوگ ہیں اور زیادہ ذمہ داری سے ووٹ کاسٹ کرتے ہیں ۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ  مسیحی  برادری  میرے دل کے قریب ہے،   یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی حکومت میں ان کے لئے  انجیل یا بائبل سے متصادم کوئی بل پاس نہیں ہوگا ، عمران خان ایک مذہبی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور مذہبی ریاست مدینہ کا یہ لازمی جزو ہے کہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی اتنا ہی احترام کیاجائے جتنا کہ ان کے اپنے مذہب کاکیا جاتا ہے ۔ مسیحی محنت کش لوگ ہیں ،پاکستان میں کسی مسیحی کو مانگتے ہوئے نہیں دیکھا   ۔انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے دروازے مسیحی بھائیوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ،مسیحیوں کو مذہبی عبادات کی مکمل آزادی ہے ، مسیحی  عام طور پر شدت پسند نہیں  ہوتے نہ ہی کسی دیگر غیر قانونی سرگرمی میں ملوث  ہوتے ہیں  اس لیے میرے دل میں مسیحی برادی کے لیے احترام ہے