افغانستان مسئلے پراسلامی ممالک کے وزراء خارجہ کاغیر معمولی اجلاس17 دسمبر کو اسلام آباد میں ہو گا؛سفیر رضوان سعید شیخ

37

جدہ،11دسمبر(اے پی پی):او آئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ 17 دسمبر کو اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ کاغیر معمولی اجلاس اسلام آباد  میں  افغانستان مسئلے پر منعقد ہو رہا ہے۔

ہفتہ کو یہاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ  اس وقت افغا نستان میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، سعودی عرب نے نومبر میں اس  صورتحال  کی طرف توجہ  دلائی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے معاملے پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ افغانستان میں صورتحال بگڑ رہی ہے، تین کروڑ کی آبادی میں سے 60 فیصد بھوک کا شکار ہیں  اور بنیادی سہولیات سے  بھی محروم ہیں،  سردی بڑھ گئی ہے، بچے اور خواتین اس صورتحال سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطرہ ہے کہ پریشان افغان آبادی نقل مکانی کرے جو پڑوسی ممالک  میں بھی مسئلہ پیدا کرے گا، ماضی میں افغاننستان سے نقل مکانی سے پاکستان میں دہشت گردی ہوئی ہے اور ہزاروں افراد شہید ہوئے ہیں، پاکستان کی افوج نے اپنی بہادری سے دہشت گردی پر قابو پایا ہے۔

سفیر نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال اور وہاں کے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں او آئی سی کا اہم کردار ہے، یہ اجلاس اسی معاملے پر غور کیلئے ہے۔ 1980 میں بھی آو آئ سی کا پہلا اجلاس بھی اففانستان پر ہی ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ او آئی سی کا 17 واں غیر معمولی  اجلاس ہے۔ یہ اجلاس افغان مسئلے کو حل کرنے کیلئے مسلم امہ کی مشترکہ آواز ہے۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسئلے کے حل کیلئے سرگرم ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم نے خود دوست ممالک کے دورے کرکے افغانستان پر رائے عامہ ہموار کی ہے ۔یہ کانفرنس سعودی عرب کی رائے کے مطابق بلائی گئی ہے۔او آئی سی کی مختلف کمیٹیاں مستقل طور پر   افغان صورتحال اور انسانی مسائل پر توجہ رکھے ہوئے ہیں، پاکستان نے خوشدلی سے اس  غیر معمولی اجلاس کی میزبانی قبول کی ہے۔