ملتان، 11دسمبر (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ظفر اقبال اعوان،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور آر پی او جاوید اکبر ریاض نے ہفتہ کو یہاں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ احساس بازار کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے احساس بازار کی افادیت پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل آئی جی،کمشنر اور آر پی او نے احساس بازار میں شہریوں سے ملاقات کی اور ملبوسات فراہمی کا جائزہ لیا۔
ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ احساس بازار صحیح معنوں میں غریب عوام کو ریلیف فراہمی کا ذریعہ ہے جہاں سے روزانہ نادار افراد کی بلاتفریق مدد کی جارہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے بلاتفریق ملبوسات فراہم کرکے خدمت کی منفرد مثال قائم کی ہے۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ احساس بازار میں شہریوں کا جم غفیر اسکی افادیت کا ثبوت ہے۔عوامی خدمت اور فلاح و ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔احساس بازار کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بھی بڑھایا جائے گا۔
آر پی او جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ سردی کے پیش نظر ملبوسات کی بلامعاوضہ فراہمی احسن اقدام ہے۔احساس بازار کی سکیورٹی کیلئے پولیس بھرپور اقدامات کرے گی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی عوام دوست پالیسی کے تحت احساس بازار کی بنیاد رکھی۔مخیر حضرات کے تعاون سے احساس بازار سے خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
ڈی سی ملتان نے بتایا کہ احساس بازار کے بعد عام آدمی کیلئے احساس دیوار کو بھی فعال کردیا گیا ہے۔
بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کمشنر اور آر پی او کے ہمراہ نادار افراد میں ملبوسات بھی تقسیم کئے۔











