الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی خود مختاری، آئینی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے مسلسل کوشاں ہے، قومی ووٹرز ڈے منانا بھی اِس سلسلے کی کڑی ہے، نثار احمد درانی

28

کراچی۔7دسمبر  (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی خود مختاری اور آئینی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے مسلسل کوشاں ہے اور قومی ووٹرز ڈے منانا بھی اِس سلسلے کی کڑی ہے۔ یہ بات ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی نے ووٹر ڈے کے حوالے سے منگل کو منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر قومی ووٹر ڈے کے حوالے سے صوبائی سطح پر مرکزی تقریب کا انعقاد صوبائی الیکشن کمشنر سندھ میں کیا گیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں خواتین سمیت اہم شخصیات اور خواجہ سرا کی نمائندگی کرنیوالی غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ نثار احمد درانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی خود مختاری اور آئین میں درج ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے مسلسل کوشاں ہے اور قومی ووٹرز ڈے منانا بھی اِس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، انتخابات کا پر امن، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کی رہنمائی اور قیادت میں آئین میں درج اختیارات کا استعمال کیا جارہا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کے جمہوری عمل کو امیدواروں کیلئے سہل بنانے اور غیر جانبدار رکھنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ صوبہ سندھ میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 2کروڑ 55لاکھ 625 ہے۔ جس میں خواتین رائے دہندگان کی تعداد ایک کروڑ پندرہ لاکھ 42 ہزار 873 اور مرد رائے دہندگان کی تعداد ایک کروڑ 4لاکھ 39ہزار 752ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اِس قومی فرض کی ادائیگی کے بغیر ہم بحیثیت قوم ترقی کی تیز رفتار منازل طے کرنے سے قاصر رہیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی یہ خواہش اور کوشش ہے کہ ووٹر کے اندراج سے لیکر ووٹ کاسٹ کرنے تک تمام امور میں سٹیک ہولڈر کی شراکت کو بڑھایا جائے اور ہر صورت ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح کو معقول حد تک لایا جائے، پولنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھانے اور خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے خاص طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اِس سلسلے میں آپ سب کا تعاون درکار ہے۔ ہمیں گھر گھر اِس آواز کو پہنچانا ہے کہ ووٹ کی طاقت کو استعمال کرنا ہے۔اس کے علاوہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سعید گل نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مربوط انتخابی سسٹم پر یقین رکھتا ہے اور ِاس نے خواتین اور افراد باہم معذوری کے رجسٹریشن پر ہمیشہ خاص توجہ دی ہے۔خواتین ووٹرز کی تعداد بڑھانے کیلئے الیکشن کمیشن نے ضلعی ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی بنائی ہیں، جو ہر ماہ صوبے بھر کے اضلاع میں ووٹرز آگاہی مہم کے سلسلے میں مختلف پروگرام کا انعقادکررہی ہیں، مزید برآں ای سی پی اور نادرا کے اشتراک سے صوبے بھرمیں (موبائل رجسٹریشن وینز)پسماندہ علاقوں میں پہنچائی گئی ہیں جس سے مردخواتین ووٹرز کے مابین فرق خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا کام شروع کردیا ہوا ہے۔ جس میں ہمارا اسٹاف گھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق کرتا ہے تاکہ ووٹرز کے ووٹ کو قانون کے مطابق اِن کی مرضی سے ان کے مستقل یا موجودہ پتہ پر درج کیا جائے۔ اِنہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عملہ سے ہر ممکن تعاون کریں تاکہ2023الیکشن کیلئے تمام غلطیوں سے مبرا  الیکٹورل رولز  تیار کیا جاسکے جوکہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں انتخابی عمل کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔