انشورنس میں شفافیت اور جی ڈی پی میں اضافہ کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے؛وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل

35

ملتان، 15 دسمبر (اے پی پی): وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کہا ہے کہ انشورنس میں شفافیت اور جی ڈی پی  میں اضافہ کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے،انشورنس کمپنیوں کے صارفین سے قواعد و ضوابط پوشیدہ رکھنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے، میری پہلی ترجیح معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنا ہے،انشورنس بیچنا کسی بھی بنک کے مینیجر کا کام نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں انشورنس کے مسائل اور انکے حل کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے ہمیں اس کو آگے لیکر جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نئی نسل با صلاحیت ،پر اعتماد ہے اور ہم پر امید ہیں یہ نوجوان پاکستان کو مزید آگے لیکر جائیں گے۔

وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کہا کہ ہمارا ادارہ بہتر انداز سے کام کر رہا ہے اور جانبین کے فیصلے تسلی سے سن کرکوشش کرتے ہیں معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے کیونکہ افہام و تفہیم کے فیصلے سے دور رس نتائج سامنے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے ادارے میں ایک ویژن لیکر آیا ہوں اور روائیتی کلچر ہٹ کر انشورنس کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں۔

 ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کہا کہ 2020 کے دوران بہتر فیصلہ سازی کی وجہ سے انشورنس کے مسائل سے دوچار شہریوں کو 2ارب 13 کروڑ روپے کا ریلیف ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے مسائل کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے تمام انشورنس کمپنیوں کو کہا کہ وہ اپنی دستاویزات میں لکھی گئی ٹرمز اینڈ کنڈیشنز کے فانٹ کو بڑا کریں تاکہ صارفین کو پڑھنے میں آسانی ہو سکے اور اس کے علاوہ تمام قواعد و ضوابط کو اردو میں ٹرانسلیش کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ انشورنس پالیسی میں مسائل پیدا ہونے کی ایک بڑی وجہ بنک منیجرز کی طرف سے پالیسیاں بیچنا ہے اور وہ اپنے صارفین کو بہتر انداز سے گائیڈ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ انشورنس کمپنییاں اپنے صارفین سے کوئی بھی چیز پوشیدہ نہ رکھیں۔

اس موقع ریجنل ایڈوائزر وفاقی انشورنس محتسب اعظم جوئیہ نے کہا کہ اب ملتان میں ہمارے دفتر کا آغاز چکا ہے جس میں چیمبر سے متعلقہ افراد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

اس موقع پر صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ محمد حسین نے کہا کہ میں وفاقی انشورنس محتسب کو ملتان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں اور ہمارے لئے اچھی خبر ہے کہہ آج انہوں نے ملتان میں بھی اپنے دفتر کا افتتاح کردیا ہے جس یہاں لوگوں کا فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں انشورنس کمپنیوں سے کہوں گا کہ وہ کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ ایس ایم ای پر بھی فوکس کریں تاکہ چھوٹے پیمانے پر کام کرنے والی شخصیات کو بھی انشورنس سے فائدے حاصل ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں وفاقی انشورنس محتسب سے گزارش کروں گا وہ ہمارے چیمبر کے دفتر میں بھی کورٹ لگائیں اور یہاں سے منسلک لوگوں کے مسائل سنیں اور حل کے لیے اقدامات کریں۔انہوں کہا کہ میرا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ریجنل کی سطح پر وفاقی محتسب کے مزید دفاتر کھولے جائیں۔

انہوں نے شرکاءکو ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کے اغراض و مقاصد سے بھی آگاہ کیا۔