اگر ہم منظم ہو کر تنظیم سازی سے توانائیاں صرف کریں تو مل کر بڑے سے بڑا کام آرام سے کر سکتے ہیں؛ ڈپٹی کمشنر اٹک

66

اٹک، 11 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ اگر ہم منظم ہو کر تنظیم سازی سے توانائیاں صرف کریں تو مل کر بڑے سے بڑا کام آرام سے کر سکتے ہیں جس کی زندہ مثال گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول یٰسین کی عمارت کی اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر ہے، یٰسین ویلفیئر سوسائٹی اور مخیر حضرات نے مٹی کے قرض کو ادا کرنے کی جانب ایک مثبت قدم اٹھایا ہے، کمیونٹی نے جس طرح حکومت کا کام کیا ہے اسی طرح ضلعی انتظامیہ بھی ہر قسم کی مدد کیلئے یٰسین کے عوام کے ساتھ اول صفوں میں ہو گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل حضرو کے گاؤں یٰسین میں اپنی مدد آپ کے تحت ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سکول کیلئے سماجی شخصیات دو بھائیوں علی بہادر خان اورسردار خان نے 2کنال 2مرلے قیمتی اراضی فراہم کی جبکہ تعمیرات کیلئے کثیر فنڈز اندرون و بیرون ممالک میں مقیم یٰسین سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات نے یٰسین ویلفیئر سوسائٹی کو فراہم کئے۔

 افتتاحی تقریب میں سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس، صدر سوسائٹی حافظ معظم، جنرل سیکرٹری خدا بخش، ملک اورنگزیب، زاہد خان، جمعہ خان، حاجی تاج، فداحسین، شیخ ظہور الٰہی،ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن اٹک، اکرم ضیاء، ڈی او ایلمنٹری ایجوکیشن اٹک میڈم ساجدہ مختیار، ڈپٹی ڈی او مسز صائمہ، علم دوست شخصیت خاور چوہدری، جنرل سیکرٹری فورتھ پلر واچ ڈاگ ضلع اٹک نثار علی خان، صحافی عمر فاروق، ٹیچر محمد صفدر بھٹی اور معززین دیہہ بھی   موجود تھے۔

 ڈی سی اٹک نے اپنے خطاب میں سوسائٹی کی جانب سے مطالبہ کے پیش نظر کہا کہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کو جلد اپ گریڈ کرنے کیلئے ہم ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے اور اپ گریڈیشن کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کرونگا کہ یہ عمارت مکمل طور پر مڈل کے درجہ کیلئے کوالیفائی کرتی ہے۔

 اس موقع پر اپنے خطاب میں سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس نے کہا کہ یٰسین ویلفیئر سوسائٹی اور مخیر حضرات کے تعاون سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول یٰسین کی تعمیر بہت بڑا کارنامہ ہے، بچیوں کی تعلیم کیلئے کمیونٹی کا یہ بہت بڑا اقدام ہے کیونکہ ایک پڑھی لکھی بچی پڑھے لکھے معاشرے کا سبب بنتی ہے، بچیوں اور بچوں کے سکول کی اپ گریڈیشن کیلئے محکمہ تعلیم ہر ممکن اقدام اٹھائے گا، گاؤں کی بچیوں کی تعلیم و تربیت کیلئے زیادہ سے زیادہ طالبات کو داخل کیا جائے، تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ قوم کیلئے بچیوں کی تعلیم اشد ضروری ہے، والدین اپنی بچیوں کو اس سکول میں بھیجیں، جس طرح شاندار عمارت بنائی گئی ہے اس کی اپ گریڈیشن کے بعد مینار نور بھی ثابت ہوگی۔

سورس:وی   این ایس،  اٹک