ملتان، 11دسمبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ جدید دور میں انسانی حقوق بہت اہمیت کے حامل ہیں،دوسروں کے حقوق کا خیال رکھتے ہوئے انہیں عزت و توقیر دینا ہمارے دین کا اہم جزو ہے،ایک دوسرے کو عزت دے کر ہم بہترین معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہارمحکمہ سوشل ویلفیئر اور شیلٹر اینڈ پیس ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام صنعت زار ملتان میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر ایک کے حقوق مساوی ہیں،کسی کو امتیازی برتری حاصل نہیں ہے،دوسروں کو عزت دینے سے اپنی عزت بڑھتی ہے،دین اسلام ہمیں انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے حقوق کا خیال رکھنے کا درس بھی دیتا ہے۔
ایم پی اے سبین گل خان نے کہا کہ ایک دوسروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہم سب کو متحد ہونا ہوگا،حکومت پنجاب بلا تفریق عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں،صوبہ کے ہر علاقہ میں یکساں بنیادوں پر ترقی منصوبے اس بات کو تقویت فراہم کرتے ہیں،بلاامتیاز ہر شعبہ کے حقوق کو ممکن بنایا جارہا ہے۔
اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کر زیر اہتمام واک بھی نکالی گئی جس میں شرکاءنے انسانی حقوق کی دستیابی اور بلا امتیاز عوامی خدمت کے جذبہ کو اجاگر کرنے کیلئے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
تقریب میں یاسمین خاکوانی،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مزمل یار چوہدری شہزاد گجر کوڈینٹر پنجاب شوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔