کراچی،25دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی وژن اور انتھک قیادت کا نتیجہ ہے کہ آج ہم اپنے وطن میں باوقار زندگی گزاررہے ہیں ، عظیم لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور قومیں ترقی اور خوشحالی کے اہداف اس وقت حاصل کرتی ہیں جب وہ اپنے قائدین کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہوں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر بانی پاکستان کے مزار پر حاضری کے بعد گورنرسندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے مزار پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ25 دسمبر ایک عظیم دن ہے جو کہ ہمارے عظیم رہنما کی یوم پیدائش کا دن ہے ، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ ملک کے حصول کی طرف گامزن کرنے کے لیے ان کی رہنمائی کی اور اب یہ ہماری اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط کرکے پاکستان کو مضبوط بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے، قانون کی حکمرانی قائم کرنی ہے، انسانی حقوق کا احترام کرنا ہے، بشمول اقلیتوں، خواتین کو بااختیار بنانا ہے، ہمارے تعلیمی نظام کو بہتر بناناہے اور رواداری کے جذبے کو ابھارنا ہے اور یہ ہمارے قائد کے چند رہنما اصول ہیں ۔قائد کے یوم پیدائش پر مزار پر حاضری کا مقصد پاکستان کو عظیم قوم بنانے کے لیے اپنے قائد کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ان کے ہمراہ ان کی کابینہ اراکین ، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر اعلی افسران بھی تھے۔
سورس: وی این ایس ،کراچی











