بدعنوانی کا خاتمہ خود احتسابی کے بغیر ممکن نہیں؛گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا

65

کوئٹہ، 9دسمبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ خود احتسابی کے بغیر ممکن نہیں،ہر انسان کا ضمیر اسے برے کام سے روکتا ہے،ہمیں سب سے پہلے اپنا احتساب خود کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوانسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر جمعرات کو یہاں  گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ بدعنوانی سے نجات کے دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد خوش آئند امر ہے، میڈیا غریبوں کی آواز صاحبان اقتدار کی ایوانوں تک پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کرنے والے احکامات خداوندی اور حقوق العباد کو فراموش کرتے ہیں،حقوق العباد غصب کرنے والوں کی معافی ممکن نہیں، بدعنوانی سے بڑھ کر گھناؤنی حرکت نہیں ہوسکتی،بدعنوانی کو اپنی منزل سمجھنے والے غلطی پر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اچھے عہدے والے اصلاح کریں تو ماتحت عملہ بھی اپنی اصلاح کرتا ہے، خود احتسابی کا عمل انسان کو فیصلہ ساز قوت دیتا ہے ، معاشرے میں ترقی کیلئے ندامت کا احساس لازم ہے۔

سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ معاشرے میں اچھے لوگوں کو آگے لانے کا عہد کرنا ہوگا، بدعنوانی ختم کرنا صرف نیب کا کام نہیں بلکہ ہم سب کو اس میں اپنا کردار ادکرنا چاہیے،اگر ہم انفرادی طور پر طے کر لیں کہ غلط کام نہیں کریں گے تو معاشرہ بہتر ہوگا۔

 تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ خان، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا، انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر رائے، سابق نگران وزیر خورشید روشن بروچہ سمیت مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، سرکاری افسران، میڈیا کے نمائندوں اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

سورس : وی این ایس  ،   کوئٹہ