بہاولنگر،03دسمبر(اے پی پی): حکومت کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ہدایت اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خاں کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدارنے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد وسیم کے ہمراہ دربار حضرت خواجہ نور محمد مہاروی چشتیاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
ڈی پی او بہاولنگر نے کھلی کچہری میں سائلین کے مسائل تفصیلی طور پر سنے اوران کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل پولیس کی اولین ترجیح ہے، کوشش کی جارہی ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ عوام اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو دور کیا جارہا ہے۔ میرے دورازے عوام الناس کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں لوگ جب چاہیں بلا جھجک اپنے مسائل کے حل کے لیے دفتر پولیس آسکتے ہیں۔
ڈی پی او محمد ظفر بزدار کی ہدایت پر تمام سرکلز کے ایس ڈی پی اوز نے بھی عوام کوان کی دہلیز پر بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے اپنے اپنے سرکل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنراورایس ڈی پی او چشتیاں بھی موجود تھے۔