بہاولنگر؛   عوامی مسائل شکایات کے ازالے کےلئے تھانہ سٹی بی ڈویژن میں کھلی کچہری کا انعقاد

25

بہاولنگر،11 دسمبر(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب  عثمان بزدارکی ہدایت اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خاں کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدارنے تھانہ سٹی بی ڈویژن بہاولنگر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ایس ڈی پی او صدر سرکل ندیم افضال بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں میڈیا نمائندگان اور شہریو ں نے کثیر تعدا میں شرکت کی ۔ڈی پی او بہاولنگر نے کھلی کچہری میں سائلین کے مسائل تفصیلی طور پر سنے اوران کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈ ی پی او محمد ظفر بزدار  نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کوشش کی جارہی ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ عوام اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو دور کیا جارہا ہے۔ میرے دورازے عوام الناس کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں لوگ جب چاہیں بلا جھجک اپنے مسائل کے حل کے لیے دفتر پولیس آسکتے ہیں۔