تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور مفاد کو اہمیت دی ہے ؛ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ

14

راولپنڈی،10دسمبر  (اے پی پی):صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور مفاد کو اہمیت دی وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے کی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کوشاں ہیں،عوامی خدمت ہماری سیاست کا مرکز ہے، مشکل دور گزر چکا ہے اور اب عوام کے روشن مستقبل کیلئے کئے گئے سخت فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کی عوام کے لیے متعدد ترقياتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام سازشیں اپنی موت آپ مر چکی ہیں۔کرپشن مافیا اور لاوارث اپوزیشن مہنگائی مارچ کے پیچھے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  محمد بشارت راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور مفاد کو اہمیت دی، عوام سے کچھ نہیں چھپایا اور باوقار انداز میں سیاست کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں راولپنڈی کی عوام کے لیے 130ارب روپے کے منصوبوں کا تحفہ دیا۔  راولپنڈی میں تین نئی تحصیلوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گاجن میں تحصیل کینٹ،تحصیل سٹی،تحصیل صدر شامل ہیں۔عوام کے لیے ہمارے گھر کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔

بشارت راجہ نے کہا کہ دھمیال ہاؤس خدمت کی سیاست کا نشان ہے۔ترقياتی منصوبوں میں 5 کروڑ کی لاگت سے بسکٹ فیکٹری چوک تا لین 15 تک روڈ کو ڈبل کرنے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ نئے تھانے کا قیام،  ہارلے سٹریٹ تا قاسم بیس امپرومنٹ روڈ ،  فٹ پاتھ، تعمیر دورویہ سڑک دھمیال موڑ تا لین نمبر 5،  گلیات کی تعمیرات و سیوریج سسٹم وارڈ نمبر 6، تعمیر گلیات و سیوریج سسٹم احمدآباد،تعمیر گلیات قائداعظم کالونی،تعمیر زیر زمین واٹر ٹینک ربانی ٹاون غازی آباد، احمد آباد، قائداعظم کالونی،تعمیر واٹر فلٹریشن پلانٹ غازی آباد، احمد آباد و دیگر سکیمیں منصوبے شامل ہیں۔

اس موقع پرحاجی ظفر اقبال ممبر کینٹ بورڈ، ملک نعیم کونسلر یوسی دھمیال، راجہ شاہد اقبال، میر تنویر، حافظ ابرار، نعمان شوکت ممبر کینٹ بورڈ، زین اعجاز، ساجد بھٹی، راجہ فیاض جنجوعہ، محمد سجاد، خالد جدون، راجہ عمر، شبیر یوسفزئی، راجہ خطیب، راشد محمود، ملک عمران شہزاد پوپی، چوہدری ناصراور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔