لاہور، دسمبر 27(اے پی پی): ترجمان پنجاب حکومت حسّان خاور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا یہ عہد ہے کہ وہ تمام اداروں کو فعال بنائے گی۔ نواز شریف ورلڈ کپ جیت کر نہیں آرہے کہ ہار پہنانے جائیں قانون کے مطابق انہیں جیل جانا ہے۔پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کی تیاری زور و شور سے جاری ہے انشاءاللہ وہ وقت پر کروائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج الحمرا ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کوٹ لکھپت جیل نواز شریف کا انتظار کر رہی ہے، سابق وزیر اعظم کی واپسی کی باتیں ایسے ہو رہی ہیں جیسے وہ ورلڈ کپ جیت کر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی ترقی کیلئے تمام محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔











