تمام افسران اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں، میر عبدالقدوس بزنجو

36

کوئٹہ۔6دسمبر  (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر بلاتعصب تمام سائلین کے لیے کھلے رکھنے چاہیے افسران فرائض کی انجام دہی میں قوم، فرقہ اور مذہب کو حائل نہ ہونے دیں ،افسران اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں اور سرکاری امور کو التوا کا شکار نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور صوبائی محکموں کے تمام سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد افسران سے یہ میرا پہلا رابطہ ہے اور آج کی اس ملاقات کا مقصد افسران کو اپنی حکومت کی ترجیحات اور افسران سے وابستہ امیدوں سے آگاہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاسی سطح پر ہونے والی تبدیلی ایک سوچ اور مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے عمل میں آئی ہے جس کا مقصد گورننس کی بہتری کے ذریعے عام آدمی کی بھلائی ہے اور اس مقصد کا حصول  سیکریٹریز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری ذمہ دار اور قابل احترام افسران ہے وہ میری ٹیم بن کر میرے ہاتھ مضبوط کریں گے اور ہماری روایات میں بھی ایک دوسرے کو عزت دی جاتی ہے تمام سیکرٹریوں کو میری اور میرے دفتر کی جانب سے بھرپور عزت، احترام اور تعاون ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ایک شخص سے نہیں چلتا بلکہ تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر اور حکومتی اداروں تک عام آدمی کو رسائی دیں اور ان کا اعتماد بحال کریں دفاتر میں زیادہ وقت اجلاسوں، بریفنگز اور پریزنٹیشنز میں صرف ہوتا ہے ، افسران اس وقت کو عوامی مفاد کے لیے استعمال کریں۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ افسران ضلعی دفاتر کو فعال بنا تے ہوئے وقت کی پابندی کریں اور ماتحت سٹاف کو بھی وقت کا پابند بنائیں۔اس موقع پر افسران نے وزیراعلی سے موجودہ مسائل اور ان کے حل سے متعلق بات چیت بھی کی۔