حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے، آزادی صحافت کو یقینی بنایا جائے گا ؛وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

36

کوئٹہ، 8دسمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے، آزادی صحافت کو یقینی بنایا جائے گا اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلمان اشرف کی قیادت میں ملاقات کرنے والے بی یو جے کےوفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں بی یو جے کی کابینہ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران سمیت سیکریٹری اطلاعات عمران خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 وزیر اعلی نے کہا کہ ان کی حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام درکار وسائل فراہم کریگی صحافیوں کی رہائش کا مسئلہ حل کرنے کیلئے منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا جبکہ ویلفئیر فنڈز کے تحت صحافیوں کے امدادی چیکس بھی جلد جاری کردیے جائیں گے۔

 وزیر اعلیٰ میر قدوس بزنجو نے سیکرٹری اطلاعات کو جرنلسٹس ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے جلد سے جلد انتظامات کر نے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کا معیار زندگی بہتر بنا نے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی، صحافی حکومت کی کارکردگی پر جائز تنقید ضرور کریں جہاں ہماری کارکردگی ناقص ہو وہاں ہماری کمزوریوں کو بھی اجاگر کریں اور مسائل کی نشاندبھی کریں۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میڈیا ہماری غلطیوں کی نشاندہی کرے ہم اسے دور کریں گے، تنقید برائے اصلاح کے لیے ہروقت تیارہیں۔

 اس سے قبل صدر بی یو جے سلمان اشرف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر بی یو جے اور وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

سورس:وی   این  ایس،  کوئٹہ