حیدرآباد، 5 دسمبر (اے پی پی): سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی یوم ثقافت سندھ بھرپور انداز میں منایا گیا، جگہ جگہ ریلیوں کا انعقاد، روایتی ملبوسات، سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
یوم ثقافت سندھ کے موقع پر دن بھر میں ریلیوں کا سلسہ جاری رہا، قاسم آباد، حیدرآباد اور لطیف آباد میں مختلف مقامت پر ریلیاں نکالی گئیں، جن میں روایتی سندھی ملبوسات، اجرک، سندھی ٹوپی پہنے ہوئے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
پیدل، موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر مشتمل ان ریلیوں میں شامل مختلف شعبہ جات سے منسلک لوگ، بچے اورجوان روایتی سندھی لوک موسیقی اور گیتوں کی گونج میں گھومتے رہے۔
اس موقع پر سندھ کی ثقافت کی اہمیت اور خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے لئے حیدرآباد پریس کلب، سندھ میوزیم کے احاطے سمیت اہم شاہراہوں اور چوکوں پر اسٹیج سجائے گئے تھے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے روایتی سندھی گیتوں کی گونج میں ایک دوسرے کو مبارک دی جبکہ مختلف مقامات پر خوبصورت سندھی ٹوپی، اجرک اور روایتی سندھی ثقافتی ملبوسات اور ثقافتی اشیا کے اسٹالز بھی لگائے گئے، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے دلچسپی لی۔
اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لے حیدرآباد پولیس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے، مختلف شاہراہوں سمیت اہم مقامات پر پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر بھی ثقافت دن کی مناسبت سے بڑی تعداد میں لوگوں نے ثقافتی ملبوسات پہن کر اپنی اور بچوں کی تصویریں شیئر کیں۔
حیدرآباد کے علاوہ جامشورو، کوٹڑی، ٹنڈوجام، ٹنڈوالہیار، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان اور دیگر شہروں میں بھی شہریوں نے بھرپور انداز میں یوم ثقافت سندھ مناتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دیں۔