حیدرآباد، 9دسمبر (اے پی پی): کرپشن سے پاک معاشرے کے زیر عنوان جمعرات کو یہاں کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نعیم احمد عباسی ، ایڈیشنل ریجنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حیدرآباد محبوب الزمان اور سرکل آفیسر اینٹی کرپشن حیدرآباد محمد کاشف گجر کی سربراہی میں شہباز بلڈنگ سے آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نعیم احمد عباسی کا کہنا تھا کہ یہ دن منانے کا مقصد ہمارے معاشرے کو بد عنوانی جیسی لعنت سے چھٹکارا دلانا ہے جبکہ بدعنوانی ایک ایسا ناسور ہے جوکہ اداروں کو دیمک کی طرح چاٹ کر انہیں تباہ کر دیتی ہے جس کا نقصان ملک و قوم کو ہوتا ہے اور عوام کے جائز کام بھی نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ رشوت کے خاتمے کیلئے محکمہ اینٹی کرپشن کو مزید فعال کیا گیا ہے اور اگر کسی فرد کو کسی ادارے یاوہاں کام کرنے والے افسران یا عملے کے خلاف کوئی شکایت ہو تو وہ محکمہ اینٹی کرپشن کے دفتر میں اپنی شکایت درج کروا سکتا ہے جس کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے رشوت کے کیسز میں کافی لوگوں کو سزائیں ہوئی ہیں اور انکی ملازمتیں تک ختم کرائی گئی ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد عوام کو معاشرے میں پھیلی بدعنوانی اور اس کے منفی اثرات سے انہیں آگاہی دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یاکوئی بھی ادارہ عوام کے تعاون کے بغیر کام نہیں کر سکتا۔ لہٰذہ عوام کو چائیے کہ معاشرے سے بدعنوانی جیسے ناسور کو ختم کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ریجنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حیدرآباد محبوب الزمان نے کہاکہ بدعنوانی نے ہمارے معاشرے کو ناسور کی طرح جکڑ لیا ہے جس کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کو کرپشن سے پاک معاشرہ مہیا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راز بھی کرپشن سے پاک معاشرے میں ہے ، کرپشن کی سزا دنیا اور آخرت دونوں میں ملتی ہے لہٰذہ کرپشن سے بچنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن نہ صرف اداروں میں بلکہ ہمارے رویوں میں بھی ہوتی ہے لہٰذا آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے رویے بہتر کرینگے اور اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیں گے اور کسی سے نا انصافی نہیں ہونے دیں گے۔
ریلی میں اینٹی کرپشن ، پولیس ، تعلیم ، صحت ، لوکل گورنمینٹ کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران و عملے اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سورس : وی این ایس، حیدرآباد