میرپورخاص،10 دسمبر( اے پی پی): ممبرقومی اسمبلی شمیم آرہ پہنور نے کہا ہے کہ کائنات کے مالک رب پاک نے ہر انسان کو اپنی اپنی خداداد بیشمار صلاحیتوں سے نوازہ ہے ہم ان صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے محنت کر کے معاشرہ میں اپنا بہتر سے بہتر مقام بنا سکتے ہیں، ایسے بازار لگانے سے عورتوں میں کاروبار کرنے کا جذبہ پیدا ہو گا جوکے ان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کا ذریع بن سکتاہے۔
ان خیالات کا اظہار ممبرقومی اسمبلی شمیم آرہ پہنور نے 25 نومبر سے 10 دسمبر تک عورتوں پر تشدد اور صنفی نابرابری کے خلاف منائے جانے والے 16 ڈیز آف ایکٹیویزم کے سلسلے میں سماجی تنظیم ایڈووکیسی، ریسرچ، ٹریننگ اینڈ سروسز (آرٹس) فاٶنڈیشن کی جانب سے وومین وائس اینڈ لیڈر شپ (ڈبلیو وی ایل) پاکستان پروجیکٹ کے تحت خواتین اور لڑکیوں کی مہارت کو ظاہر کرنے کے لیے مینا بازار کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کے انتظامیہ کے تعاون سے میرپورخاص میں اتوار بازار کا انعقاد کرایا جائے، جس میں عورتیں خریدار اور عورتیں ہی سامان فروخت کریں۔
اس موقع پر ای ڈی سی 2 پریم چند، ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر آرٹس فائونڈیشن شہزادو ملک، ڈویژنل ڈائریکٹر انفارميشن حزب الله میمن، چیف مانیٹرنگ آفیسر امبر رانا، اے سی ڈگری جھامن داس، سینئر جرنلسٹ کمرالدین شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غوث محمد پٹھان، پروگرام مینیجر سائرہ فلک، پروگرام آفیسرشاہینہ کرن و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
مینا بازار میں شہری اور گائوں کی عورتوں اور لڑکیوں کی جانب سے اسٹال لگائے گئے، اسٹالوں میں ہاتھوں سے تیار کردہ اشیاء سندھی کڑاہی، خواتین کے پرس، مختلف ثقافتی لباس، پلاسٹک کی بوتل سے بنے ہوئے شوپیس، کھانے اور دیگر اشیاء دستیاب تھیں۔
اس موقع پر فیلڈ ایسوسی ایٹ (ڈبلیو وی ایل) سیدہ توبیٰ نے 16 ڈیز آف ایکٹیویزم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 1960 میں ڈومینیکن ریپبلک سے تعلق رکھنے والی تین بہنیں جوکہ پولیٹیکل ایکٹوسٹ تھیں اپنے صدر کی خفیہ پولیس کے تشدد کا شکار بناکر مار دی گئیں جن کی موت کی یاد میں یہ دن دنیا بھر میں منائے جاتے ہیں ۔
تقریب میں مختلف اسکولز کی بچیوں نے ٹیبلو پیش کیئے اس موقع پر 2 ٹیبلوز سے متاثر ہو کر ای ڈی سی 2 پریم چند نے بچوں کے حوصلہ افزائی کیلئے 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر بختیار شاہ، رضا رند، روی شنکر اور دیگر نے شرکت کی ۔تقریب میں تمام مہمانوں کو سندھ کی سوکہڑی اجرک اور دیگر تحائف پیش کیئے گئے۔