پشاور، 16دسمبر(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے شہروں میں بڑھتی آبادی کے پیش نظر وہاں آبنوشی، صفائی و نکاس اور جدید شہری انفراسٹرکچر سمیت ماحول دوست صحت مند رہائشی سہولیات یقینی بنانے کیلئے سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ کے نام سے میگا ترقیاتی پلان کی منظوری دیدی گئی ہے جو ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالیاتی تعاون سے 9.5 ملین ڈالر (ڈیڑھ ارب روپے سے زائد) لاگت سے شروع کیا جا رہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈاپور نے شہری ترقی کے اس اہم ترین میگا منصوبے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے اسے جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے اس ضمن میں پراجیکٹ ڈائریکٹر واصف شنواری نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفننگ دی اور انہیں منصوبے پر پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ترقیاتی پلان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کا آسان شرائط پر 7 ملین ڈالر قرضہ اور صوبائی حکومت کا پانچ لاکھ ڈالر فنڈ مختص کیا گیا ہے جبکہ دو ملین ڈالر غیر ملکی گرانٹ بھی مہیا ہو گی پراجیکٹ پر فوری عملدرآمد کیلئے ماہرین اور عملے کا تقرر ہنگامی بنیادوں مگر میرٹ پر یقینی بنایا جائے گا فیصل امین گنڈاپور نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ شہری سہولیات کے اس میگا منصوبے کی بدولت پشاور، سوات، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، کوہاٹ اور بنوں میں پینے کے صاف اور میٹھے پانی کا مستقل انتظام کیا جائے گا جبکہ دیگر تمام شہروں میں بھی ابنوشی اور صحت و صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی انہوں نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے تحت صوبے کے تمام شہروں میں بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی جدید سائنسی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنانے کے علاؤہ ماحول دوست اقدامات کئے جائیں اور زیادہ سے زیادہ شجر کاری پر بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ اسی صورت میں شہری ماحول خوشگوار بننے اور بارشیں بڑھنے کے علاؤہ شہروں میں زیرزمین مسلسل نیچے گرتے واٹر ٹیبل کا تدارک ممکن ہے صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت بڑے شہروں میں کوڑا کرکٹ ڈمپنگ گراؤنڈ میں پھینکنے کی بجائے جدید ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے پر توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو گندگی اور تعفن سے ہمیشہ کیلئے نجات ملے اور شہروں کے لاکھوں ٹن سالڈ ویسٹ سے توانائی و کھادوں کی صورت میں فائدے بھی اٹھائے جائیں انہوں نے واضح کیا کہ وہ منصوبے پر عمل درآمد کی خود نگرانی کریں گے اور اسے جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر انکے دور رس اثرات سے نہ صرف تمام شہریوں کو بروقت مستفید کیا جائے گا بلکہ شہروں کو بھی زیادہ خوبصورت اور قابل سیاحت بنانے کی حتی الوسع کوشش کی جائے گی۔