دسمبر کے دوران ایکسپورٹس 3 بلین ڈالرزتک پہنچ جائیں گے؛ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی پریس کانفرنس

35

 اسلام آباد،3دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لئے بھرپور اقدامات کر  رہی  ہے  ، دسمبر کے دوران ایکسپورٹس 3 بلین ڈالرزتک پہنچ جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مشیر خزانہ شوکت ترین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آنے سے خام مال اور مشینری کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے  جس سے درآمدی بل بڑھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال اکتوبر کے دوران درآمدات 6.3بلین ڈالر تھیں جو نومبر میں 7.7بلین ڈالر کی ہو گئیں ۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر توانائی سمیت دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کی درآمد میں 500ملین ڈالر خام مال کی درآمدات میں 252ملین ڈالر جبکہ کورونا ویکسین کی درآمد میں گزشتہ ماہ کی نسبت 350ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آنے سے مشینری کی درآمدات میں بھی 165ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات درآمدی بل پر پڑے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی فی بیرل قیمتیں بڑھنے سے ہمارے ملک میں بھی توانائی کی قیمتیں بڑھی ہیں ، اب بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں کمی کا رحجان نظر آرہاہے جس سے ہمارے درآمدی بل بھی کم ہو گا اور آئندہ ماہ سے صورتحال میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ نومبر 2021کے دوران برآمدات  2.9بلین ڈالر رہی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ اضافہ ہے ، اس سے قبل اکتوبر 2021میں یہ اضافہ 2.7بلین ڈالر تھا جبکہ ستمبر 2013میں کسی ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ اضافہ 2.6بلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ دسمبر 2021کے دوران برآمدات میں مزید اضافے کے امکانات ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے برآمدی حجم میں بھی اضافہ ہو رہاہے ، انہوں نے مزید کہاکہ اس سال چاول کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے ، چاول کی برآمدات میں اضافہ کرنا ایک چیلنج ہے اس حوالے سے منصوبہ بنا رہے ہیں ، چین ، انڈونیشیا اور نائیجیریا کے ساتھ چاول کی برآمدات کے حوالے سے حتمی بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال  دوران  9.8بلین ڈالر کی درآمدات ہوئی ہیں، خام مال ، توانائی ، کیپٹل گڈز ، خوراک اور ویکسین کی درآمدات میں نومبر 2021کے دوران اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر قمیتوں میں کمی آنے سے درآمدی بل کم ہو جائے گا ۔

سورس:وی   این ایس،  اسلام آباد