اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں انسانی صورتحال سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کا غیرمعمولی اجلاس بلانے کے سعودی عرب کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑنے کی غلطی نہیں دہرائے گی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے کمزور عوام کی مدد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ افغان عوام کی مشکلات کے خاتمہ کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر مدد کے لیے پاکستان سے کام کرنے والی تنظیموں کو سہولیات فراہم کیں۔ افغانستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر فوری ریلیف کے لیے 5 ارب روپے کی امداد دی ہے جو کہ 50 ہزار ملین ٹن گندم، ہنگامی طبی سہولیات، سردی سے بچنے کے لیے شیلٹرز اور دیگر اشیاء سمیت اشیاء خوردونوش پر مشتمل ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے ان تعلقات کی اہمیت کا اجاگر کیا جو کہ قریبی دوستانہ تعلقات، تاریخی روابط اور نچلی سطح پر تعاون پر مبنی ہیں۔ اکتوبر 2021 میں اپنے دورہ سعودی عرب کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس دورہ کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کی میزبانی کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جو بھائی چارے پر مبنی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی اور باہمی دوستانہ تعلقات ہیں ، سعودی عرب جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ کا بھی رکن ہے اور کشمیر کاز کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔











