رحیم یار خان،09 دسمبر(اے پی پی): انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام واک کا انعقاد کیا گیا۔واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کی، واک میں نیب ملتان کے افسران ڈپٹی ڈائریکٹر علی ناصر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرکاش،سول سوسائٹی، ضلعی افسران و ملازمین، اساتذہ، طلباء نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا کہ بد عنوانی کے معاشرے پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں عوامی آگہی وقت کی ضرورت ہے۔بد عنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،ضلعی انتظامیہ اداروں سے بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے پُر عزم ہے اور کاہ کہ نوجوان نسل کو کرپشن، اقرباء پروری اور جانبداری سے محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے صحافیوں کا کردار مثالی ہے۔پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لئے عوام کو حکومت، نیب، انٹی کرپشن اور دیگر اداروں کا ساتھ دینا ہو گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نیب ملتان علی ناصر نے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی وژن اور رہنمائی میں نیب کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔:نیب نے بد عنوانی کے خلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کیا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرکاش نے کہا کہ سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں میں انسداد بد عنوانی کے لئے طلباء کی کردار سازی پر نیب توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
سورس: وی این ایس، رحیم یار خان