اسلام آباد،15دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل محمد ایوب آفریدی نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور سمندر پار پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے لئے ہر طرح سے کوشاں ہے۔
بدھ کے روز اوپی ایف گرلز کالج ایف الیون کیمپس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے سمندر پارپاکستانیز ایوب آفریدی نے کہا کہ موجودہ حکومت میں تمام ادارے سمندر پارپاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کا سفیر اور ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر شعبہ زندگی میں سہولیات کی فراہمی اور ان کی شکایات کے ازالے کیلئے اوپی ایف جدوجہد کر رہا ہے۔
محمد ایوب آفریدی نے بتایا کہ اوپی ایف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پوراکرنے کے لئے ملک بھر میں 26تعلیمی ادارے قائم کئے جہاں بچوں کو نرسری سے لے کر گریجویشن تک معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ او پی ایف کے تعلیمی اداروں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو فیس کی مد میں50 فیصد رعایت دی جاتی ہے ۔