اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت دودھ، گندم اور چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کچھ بہتری کی ہے لیکن اس وقت بھی ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں سندھ میں آٹے کا تھیلا تقریباً اڑھائی سو روپے مہنگا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی بھی اس وقت کراچی میں تقریباً 97 روپے فی کلو ہے، ملک کے دیگر حصوں میں 90 روپے فی کلو جبکہ کچھ جگہوں پر 90 روپے فی کلو سے بھی کم قیمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت گندم اور چینی کی قیمتوں پر کنٹرول نہیں کر پا رہی، ایک بار پھر سندھ حکومت سے کہتے ہیں کہ وہ کسی ناراضگی کے بغیر اشیاءکی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔