سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید بچوں کی یاد میں  تقریب کا انعقاد

82

حیدرآباد،16دسمبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید بچوں کی یاد میں  تقریب منعقد کی گئی۔ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جامعہ کے کے ایم شیخ ہال کے سامنے موم بتیاں جلاکر تصاویر کے سامنے پھول رکھے گئے اور اے پی ایس کے شہید طلباء کیلئے محبت کے اظہار کے طور پر ریلی نکالی گئی جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری، فیکلٹی کے ڈینز، پروفیسرز اور اسکول طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فتح محمد نے کہا کہ تعلیم کا دشمن ملک کا دشمن ہے، دشمن کو تعلیم پر حملہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے طلباء اے پی ایس کے شہداء بچوں کاغم منا رہے ہیں،شہداء بچوں نے جام شہادت نوش کرکے وطن اور تعلیم سے محبت کی لازوال مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اور تعلیم کےدشمنوں کو تعلیم کے ہتھیار سے شکست دیں گے اور کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں زرعی تعلیم اور تحقیق پر توجہ دینی ہوگی۔

سورس: وی این ایس، حیدرآباد