سکھر: سانحہ اے پی ایس کے شہداءکو سلام پیش کرنے اور پاک فوج کی حمایت  میں ریلی نکالی گئی

67

سکھر،16دسمبر ( اے پی پی ) سانحہ اے پی ایس کے شہداءکو سلام پیش کرنے اور پاک فوج کی حمایت میں سکھر میں ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاءنے اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔

گلوب چوک سکھر سے نکالی جانے والی ریلی میں خیرپور سے آنے والی ریلی بھی شامل ہو گئی۔ ریلی کے شرکاءنے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے بازی کی۔ شرکاءہاتھوں میں قومی پرچم اور اے پی ایس شہداءکی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے۔

ریلی کی قیادت سکھر سمال ٹریڈرز کے صدر حاجی جاوید میمن نے کی،ریلی میں اقلیتی برادری کے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت۔ ہندو برادری کے لوگوں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور پاکستان زندہ باد ، پاک فوج پائندہ باد کے نعرے لگائے۔

ریلی کا اہتمام دی پیس لورز ، سول سوسا ئٹی سکھر ، پاک آرمی لورز سندھ نے کیا تھا۔ ریلی کے آرگنائزر غیاث الدین قادری ، آغا تابش خان ، نصیر گوپانگ، شبیر میمن اور ایڈووکیٹ الہی بخش میتلو تھے۔ یہ ریلی سٹی بائی پاس سکھر سے نکالی گئی جو ملٹری روڈ سے ہوتے ہوئے گلوبل چوک لب مہران کے پاس اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر ریلی میں شریک رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام دہشت گردی کے خلاف متحد اور افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف یکجا کر دیا ہے۔

سینکڑوں افراد ، سول سوسائٹی کے کارکنان ، تاجروں، سیاسی سماجی کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سورس:وی این ایس،سکھر