سکھر۔14دسمبر( اے پی پی ): وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کی ہمشیرہ ملیحہ ملک نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کلب سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این اے 196 جیکب آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی غیر قانونی طریقے سے کی جارہی ہے عدالت کے احکامات پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کےلئے فارم 45 اور فارم 46کو ٹیلی کیا جاناہے لیکن بیلٹ پیپرز کھول کر غیرقانونی طریقے سے گنتی کی جارہی ہے اس پر ہم نے متعلقہ آر او کے سامنے بھی احتجاج کیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ انہیں الیکشن ٹریبونل کے جج نے فون کرکے بیلٹ کاونٹنگ کے لیے کہا ہے۔
ملیحہ ملک کا کہنا تھا کہ دو پولنگ اسٹیشن کے ڈبوں میں این اے کے بجائے پی ایس کے ڈبے نکلے ہیں۔ تمام بیلٹ باکسز کی سیلیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ان کے اندر سے جو ووٹ نکلے ہیں وہ بھی فریش ووٹ ہیں اور ابھی تک صرف پندرہ بلیٹ باکس کی گنتی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹریبونل سے درخواست ہے کہ اپنے فیصلے کی وضاحت کرے کہ کس طرح گنتی کی جائے۔ اعجاز جکھرانی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ہمارے پاس ویڈیوز موجود ہیں مگر ہم ان کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے اگر ہمیں الیکشن ٹریبونل سے انصاف نہ ملا تو سپریم کورٹ جائیں گے۔