کوئٹہ، 04دسمبر (اے پی پی ): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ سیالکوٹ میں رونما ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ، شدت پسندوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ، ملوث عناصر کو نشان عبرت بنادیں گے۔
کوئٹہ میں تحریک انصاف کوئٹہ اقلیتی ونگ کی حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک نظریاتی جماعت کی حیثیت سے 25 سال سے کمزور اور محکوم طبقات کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں امیر و غریب ، رنگ نسل اور مذہبی تفریقات کو مٹانے کیلئے پرعزم ہیں ۔
قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان تمام مذاہب کو یکساں حقوق دیتا ہے ۔ قیام پاکستان کا بنیادی مقصد ہی اسلامی تعلیمات کے مطابق حقیقی فلاحی ریاست کا قیام یقینی بنانا تھا جس میں ہر تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے عقیدے اور ایمان کے مطابق زندگی گذارنے کی آزادی حاصل ہو ۔
تقریب سے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والا آفسوس ناک واقعہ قابل مذمت ہے ۔ انتہا پسند عناصر کسی قومیت یا مذہب کی نمائندگی نہیں کرتے ۔ ہمیں مل کر معاشرے سے انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگا ۔
تقریب سے ایم این اے جئے پرکاش اور شنیلہ روت اور پی ٹی آئی کے قائدین نے بھی خطاب کیا ۔