کوئٹہ،1دسمبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے کوئٹہ سے کراچی کے درمیان چلنے والی بولان میل کو بحال کر دیاہے۔ بدھ کو کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین سینیٹر محمد قاسم رونجھو نے رکن قومی اسمبلی منورہ منیر،سینیٹر رانا محمود الحسن اور ڈی ایس ریلوے کوئٹہ ڈویژن محمد علی آفریدی کے ہمراہ بولان میل کا افتتاح کیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین سینیٹر محمد قاسم رونجھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ٹرین غریبوں کی سواری ہے۔ بولان میل کا دو سال بعد دوبارہ آغاز بلوچستان کے شہریوں کے لیے اچھی خبرہے،کوئٹہ سے بہت جلد اکبر بگٹی ایکسپریس کی بحالی کیلئے بھی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کو مزید آسانیاں و سہولیات دے سکیں۔
سینیٹر محمد قاسم رونجھو نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی سے قرارداد کی منظوری کے بعد چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، وفاقی وزیر ریلوے سینیٹر محمد اعظم اور دیگر حکام نے بولان میل کے دوبارہ چلانے کے لیے کافی تعاون کیا اور آج ہم اپنے نیک مقصد میں سرخرو ہوئے اور متوسط طبقے کے لوگوں اورمزدوروں کے مطالبے پر کوئٹہ سے کراچی کے لیے چلنے والی بولان میل کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔
سینیٹر محمد قاسم رونجھو نے کہا کہ کوئٹہ کراچی روڈ پر رات کے وقت عوام الناس کی بڑی تعداد میں سفر کے باعث حادثات کی وجہ سے عنقریب کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے نائٹ کوچ چلانے کے لیے انتظامات کر رہے ہیں تاکہ مسافروں کو حادثات سے بچانے کے ساتھ ریل جیسی سستی سواری بھی مہیا کرسکیں۔
سورس:وی این ایس، کوئٹہ