شہر کی صفائی بہتر کرنے کیلئے سمارٹ پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا؛ ڈپٹی کمشنر ملتان

45

ملتان، 08 دسمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ملتان  عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ شہر کی صفائی بہتر کرنے کیلئے سمارٹ پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا جس کے تحت عوام میں مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے مرکزی شاہراہوں اور فلائی اوورز سمیت اندرون شہر پر خصوصی توجہ کیا جائے گا، شہر اولیاء کی  صفائی کے ذریعے عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔منیجنگ ڈائریکٹر فخرالاسلام ڈوگر نے صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفننگ دی۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ فلائی اوورز اور ڈیوایڈرز  پر جمی مٹی کی ون ٹائم مکمل  سکریپنگ کی جائے اور پھر اسکی صفائی کا معیار برقرار رکھا جائے۔کمپنی انتظامیہ تعمیراتی ملبہ جات اور کوڑے کے بڑے ڈھیر صاف کرنے کا پلان بھی تشکیل دے اور اس حوالے سے سول سوسائٹی کو بھی اپنے آپریشن میں شامل کرے تاکہ شہر کو صاف ستھرا بنایا جاسکے۔

عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول دیکر ہی عوام کا اعتماد جیتا جاسکتا ہے اس مقصد کے حصول کیلئے عملے اور مشینری کی کمی پوری کرنے کیلئے مربوط پلان پر عمل پیرا ہیں اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سب کمیٹیوں کو اس ضمن میں  خصوصی ٹاسک بھی دے دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کے پیش نظر قلعہ کہنہ اور اطراف میں صفائی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔اس موقع پر کمپنی انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

سورس:وی   این ایس،  ملتان