صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا صنعتی مراکز کی کالونائزیشن کے عمل میں سست روی پر اظہار برہمی

56

لاہور، 8 دسمبر(اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اہم اجلاس میں صنعتی مراکز کی کالونائزیش پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ،صوبائی وزیر نے صنعتی مراکز کی کالونائزیش کے عمل میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر نے پیڈمک اور فیڈمک کو کالونایزیشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کمپنیاں صنعتی مراکز کی کالونایزیشن کے اہداف مقرر کر کے پیش کریں کیونکہ صنعتی ترقی کی رفتار تیز کرکے ہی ملک کے تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔

 انھوں نے  کہا کہ صنعتی زونز میں انفراسٹرکچر کی فراہمی اور کالونائزیش کا جائزہ لینے کیلئے خود دورے کروں گا ،پیڈمک مطلوبہ فنڈنگ کے لئے فوری محکمے کو خط لکھے ۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ  قائداعظم بزنس پارک 31 دسمبر 2022 تک ہر لحاظ سے مکمل ہونا چاہیئے ۔چونیاں ایکواء بزنس پارک کا افتتاح جنوری کے پہلے ہفتےمیں کیا جائے گا ،بہاولپور صنعتی زون کا افتتاح فروری اور مظفر گڑھ صنعتی زون کا افتتاح مارچ  میں ہوگا ۔

انہوں نے  مزید کہا کہ فیڈمک ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کارروائی کرے اور مقررہ مدت میں تعمیر شروع نہ کرنے والوں کو سخت جرمانے کئے جائیں ۔

اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر واصف خورشید،چئیرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی،سربراہ سپیشل مانیٹرنگ یونٹ فضیل آصف،ایم ڈی پیسک پیڈمک اور فیڈمک کے سی ای اوز اور متعلقہ افسران نے بھی  شرکت کی۔

سورس : وی این ایس ، لاہور