سیالکوٹ،9دسمبر (اے پی پی):صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح صوبہ پنجاب میں انتخابی فہرستوں کی تصدیق کا سلسلہ جاری ہے ۔
جمعرات کو یہاں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان سیالکوٹ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں جاری مہم کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے 7کروڑ سے زائد ووٹرز کی تصدیق ،نئے ووٹرز کے اندراج، ایک جگہ سے دوسری جگہ رہائش اختیار کرنے والے افرادکی تصدیق اور فوت شدگان کے ووٹ کے اخراج کو یقینی بنانےکےلئے 38 ہزار 96تصدیقی عملہ اپنی قومی ذمہ داریوں کو انجام دے رہا ہے ، غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لئے ڈور ٹو ڈور انتخابی فہرستوں کی تصدیق کی جارہی ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز کی تصدیق کے لئے جاری مہم کا دورانیہ بڑھا دیا ہے ، 6نومبر سے شروع ہونے والی یہ مہم اب 21دسمبر تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ووٹرز کی تصدیق کا عمل 80فیصد سے زائد مکمل ہوچکا ہے اور شہریوں کی یہ قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ تصدیقی عملہ سے تعاون کریں اور اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں ۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے این اے 75ضمنی الیکشن میں بے ضابطیگیوں کے حوالے سے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جاری ہونے والی رپورٹ پر بحث جاری ہے اور ذمہ داروں کی سزاو ں کے تعین اوران پرعملدرآمدکے طریقہ کار کو طے کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے جن لوگوں نے ڈسکہ الیکشن میں قانون کی خلاف ورزیاں کیں ہیں یا بد انتظامی میں ان کا کوئی کردارہے ان کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
صوبہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا اس سلسلہ میں نے صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے ملاقاتیں کیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا موجودہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ بلدیاتی اداروں کے عہدیداروں کی مدت 31دسمبر2021ءہونے کے بعد الیکشن قوانین کے مطابق 120روز کے اندر اندر نئے الیکشن کے انعقاد کیلئے انتظامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں حکومت پنجاب سے بلدیاتی الیکشن کے حلقوں کی تفصیلات مانگ لیں گئیں ہیں جس کا مقصد حدود کا تعین کرنا ہے تانکہ مقررہ مدت میں اندر صوبہ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں مارچ ، اپریل 2021ءتک بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف اور منصفابہ انتخابات کے لئے پُرعزم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے 2022ءمیں مردم شماری کا اعلان کیا ہے ۔ اگر مردم شماری نہ بھی ہوئی تو الیکشن کمیشن قوانین کے مطابق صوبائی و قومی حلقوں کی حلقہ بندیا ں کرے گا ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سیالکوٹ محمد خلیل اور الیکشن آفیسر سید ظہیر بھی موجود تھے۔
سورس : وی این ایس ، سیالکوٹ