اٹک، 09 دسمبر (اے پی پی) : ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مسائل میجر (ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اور قیام امن و امان کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ضلع اٹک میں ترقیاتی کاموں کو شفافیت کے ساتھ مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے جبکہ کہیں بھی کرپشن نظر آئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں عوامی مسائل کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم،انفراسٹرکچر کی بحالی اور مرمت سمیت دیگر مسائل زیر بحث لائے گئے، اجلاس میں گوندل منڈی کی فیس کا مسئلہ، ضلع بھر میں تجاوزات، نیو ہٹیاں روڈ پر داخلی دروازہ، بوائز کالج حسن ابدال میں بجلی کی تنصیب کے لیے فنڈز کی فراہمی، سپورٹس سٹیدیم حسن ابدال کے مسائل، بی ایچ یو جتیال سمیت دیگر مراکز صحت کے مسائل اور دیگر کئی عوامی مسائل پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ ضلع بھر کے کالجوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سی ٹی آئیز بھرتی کیے جارہے ہیں۔اسکے علاوہ پٹواریوں کی بھرتی بھی شروع ہو گئی ہے۔
ڈی سی اٹک نے شرکاء کو بتایا کہ ضلع بھر میں حادثات سے بچاؤ کے لیے موٹر سائیکل، ٹریکٹر ٹرالی اور ایسی دیگر ٹرانسپورٹ کے پیچھے چمکدار سٹیکرز لگائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں سول ایڈمنسٹرشن ایکٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں ضلعی ایمرجنسی بورڈ میں زیر بحث لائے گئے عوامی مسائل کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔
ممبر قومی اسمبلی میجر(ر)طاہر صادق نے ضلع پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اٹک میں امن وامان کے قیام کے لیے خصوصی کوششیں کریں اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف، ضلعی صدر پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر، معاون خصوصی ملک امین اسلم کے نمائندے ملک اعجاز، صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری کے نمائندے چودھری عابد جٹ، ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ، ایس پی انویسٹی گیشن اٹک آصف مسعود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اٹک مرضیہ سلیم اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
سورس : وی اینا یس ، اٹک