لاہور،31دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح کے تمام منصوبوں پر درکار بجٹ کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کو بروقت اور احسن طریقے سے مکمل کر کے مؤثر عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں ترقیاتی بجٹ پر بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے وزیراعظم کو بریف کیا کہ پنجاب کا حالیہ ترقیاتی بجٹ تاریخی طور پر سب سے بڑا 740ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو پنجاب میں ذرائع مواصلات ، تعلیم سڑکوں کی تعمیراور صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی پروجیکٹس کی تکمیل پر درکار بجٹ پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبداللہ سنبل نے بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے عوامی فلاح کے تمام منصوبوں پر درکار بجٹ کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان منصوبوں کو بروقت اور احسن طریقے سے مکمل کر کے مؤثر عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے عوامی فلاح کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق عوامی آگاہی کی مہم کومزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











