نارووال، 15 دسمبر ( اے پی پی) : کمشنرنبیلہ عرفان نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھری اور ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، عوام کوسستی اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس تسلسل کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے جبکہ ذخیرہ اندوزی کسی صورت قابل برداشت نہیں کی جائے گئی۔
ڈی او انڈسٹریز ذیشان نیاز نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ چیف سیکریٹری پنجاب کی خصوصی ہدایت پرضلع بھر میں ذخیرہ اندوزی اور اوورچارجنگ کےتحت پرائس کنٹرول ایکٹ کےحوالے سے مہم کامیابی سے جاری ہے ،اس سلسلہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پرائس ایکٹ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری مہم کےتحت 5ہزار260 دوکانوں کی انسپیکشنز کی گئیں جن میں 229دوکاندارخلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے اورانہیں مجموعی طورپر 10لاکھ 2ہزار500روپے جرمانہ کیاگیااور3دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ 32افرادکی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔۔
اجلاس میں اے ڈی سی آر جویریہ مقبول،اسسںٹنٹ کمشنرزعثمان سکندر،محمدارشدوٹو،ڈسٹرکٹ آفیسرانڈسٹریزذیشان نیاز کے علاوہ تمام پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔