راولپنڈی۔22دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ مسیحی امن پسند قوم ہے ،پاکستان کے لیے مسیحی قوم کی بیش بہا خدمات ہیں ، مسیحی محنت کش قوم ہے ، مسیحی بھائیوں کو وزیراعظم عمران خان اور پوری قوم کی طرف سے کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں ، اگر ہمارے دلوں میں دوسروں کا احساس نہیں ہے تو ہماری زندگی رائیگاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹ جوزف کیتھولک چرچ لالکڑتی راولپنڈی میں مسیحی برادری کی جانب سے کیک کٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مسیحی برادری کے روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ آرچ بشپ امن اور تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، یسوع مسیح کی تعلیمات کے مطابق یہاں ستر تعلیمی ادارے چلا رہے ہیں جن میں داخلے کے لیے مذہب کو بنیاد نہیں بنایا جاتا جوکہ قابل ستائش ہے ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ عیسائی بہن بھائیوں کیلئے پکی چھت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔











